مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان پر اشتعال انگیزی کا الزام لگا کر طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق امریکہ کی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے کانگریس کو " خطرے کے جائزے کی سالانہ رپورٹ 2021 " ارسال کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان پر طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں اور اس کے لیے وہ پاکستان پر اشتعال انگیزی کا الزام بھی عائد کر سکتے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کا خطرہ تاحال موجود ہے تاہم رواں برس بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک عمومی جنگ کا قطعی امکان نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس کو جاری کی گئی ایک انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 برسوں میں جنگ ہونے کا امکان موجود ہے۔
امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں امریکی مفادات کے لیے بالترتیب چین، روس اور ایران کو خطرہ قرار دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان رواں برس امن معاہدے کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔
آپ کا تبصرہ